کراچی : ملک میں سیاسی اور معاشی غیر یقینی کی صورتحال کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب 65 کروڑ ڈالر کے کم ہو کر 29 کروڑ 41 لاکھ ڈالر رہ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں سیاسی اور معاشی غیر یقینی کی صورتحال برقرار ہے ، اسٹیٹ بینک کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال جولائی سے مئی دو ہزار تیئیس کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری گزشتہ سال کے مقابلے میں بیاسی فیصد کم رہی۔
گیارہ ماہ کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب پینسٹھ کروڑ ڈالر کے کم ہو کرصرف انتیس کروڑ اکتالیس لاکھ ڈالر رہ گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے مئی تک براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری اکیس فیصد کم ہو کر ایک ارب بتیس کروڑ ڈالر ہوئی۔
گیارہ ماہ کے دوران پورٹ فولیوانویسٹمنٹ میں تین سو پچھتر فیصد کی کمی ہوئی، پورٹ فولیو انویسٹمنٹ سے ایک ارب ایک کروڑ ڈالر نکال لئے گئے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ مئی 2023 میں 13 کروڑ 45 لاکھ ڈالر غیر ملکی سرمایہ کاری آئی جبکہ مئی 2022 میں یہ سرمایہ کاری ایک کروڑ سولہ لاکھ ڈالر پر تھی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاسی اور معاشی بے یقینی صورتحال کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہوئی ہے۔