کراچی: پاکستان کا پہلا فیری کروز سروس لائسنس پی این ایس سی کو جاری کردیا گیا، اب مسافروں کو کراچی سے اندرون ملک اور بیرون ملک کروز کے ذریعے لے جایا جاسکے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پہلی بار فیری سروس چلانے کے لیے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی)کو لائسنس جاری کردیا گیا۔
فیری سروس چلانے کے لیے این او سی حکومت پاکستان کے ماتحت وزارت بندرگاہ و جہاز رانی کی جانب سے بین الوزارتی اجلاس اور رابطوں کے بعد جاری کیا گیا جس میں وزارت تجارت ، وزارت داخلہ و دیگر وزارتیں بھی شامل ہیں۔
یہ لائسنس وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ سینیٹر حاصل خان بزنجو نے آج پیر کو کراچی میں واقع پی این ایس سی بلڈنگ میں چیئرمین پی این ایس سی عارف الٰہی کو دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پورٹس اینڈ شپنگ اسد رفیع چاندنہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی این ایس سی بریگیڈئیر(ر) راشد صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔
لائسنس کا اطلاق اندرون ملک اور بیرونی ملک چلائی گئی دونوں اقسام کی فیری سروسز پر ہوگا جس سے شپنگ سیکٹر میں نئی راہیں کھلیں گی اور عوام کو اندرون و بیرون ملک سفر میں آسانی میسر ہوگی۔
لائسنس کے اجرا کے بعد جلد فیری سروس کا آغاز کیا جائے گا اس طرح ملکی تاریخ کی پہلی فیری کروز سروس سے مسافر اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سفر کر سکیں گے۔
وزارت پورٹ اینڈ شپنگ کے سابق وزیر کامران مائیکل کےدور میں سال 2015ء میں کراچی سے ایرانی بندرگاہ چاہ بہار تک فیری سروس کے منصوبے کا اعلان کیا گیا بعد میں اس منصوبے میں اضافہ و ترامیم کا سلسلہ جاری رہا اور اب موجودہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ حاصل خان بزنجو کے دور میں اس پر عمل کیا جارہا ہے۔
اس ضمن میں کراچی سے عنقریب چلنے والی چار فیری سروسز کے چار منصوبے زیر تکمیل ہیں ان میں پہلا منصوبہ کراچی تا پورٹ قاسم، دوسرا کراچی تا ایرانی بندر گاہ چاہ بہار، تیسرا کراچی تا اورماڑہ اور چوتھا فیری سروس منصوبہ کراچی تا گوادر ہے۔
ان چاروں سروسز میں سب سے پہلے کراچی تا پورٹ قاسم اور دوسرے نمبر پر ایرانی بندر گاہ چاہ بہار تک فیری سروس چلائی جائے گی جس کا مقصد زائری کو سہولت دینا ہے بعدازاں بقیہ دو منصوبوں پر عمل کیا جائےگا۔
فیری کا لائسنس اندرون اور بیرون ملک کے لیے جاری کردیا،وفاقی وزیر
وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ حاصل خان بزنجو نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شاید ریجن کا واحد ملک ہے جہاں کوئی فیری سروس نہیں، ہمیں تھوڑا وقت لگا فیری سروس کی پالیسی وضع کرنے میں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیری سروس اندرون اور بیرون ملک چلانے کے لیے ہر طرح کی اجازت دے دی ہے، یہ لائسنس دو طرح کے ہیں، اندرون ملک کراچی تا گوادر، اورماڑہ، پسنی کے لیے جبکہ بیرون ملک مسقط، چاہ بہار، دبئی و دیگر بندرگاہوں کے لیے جاری کردیا ہے۔
سابقہ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر حاصل خانہ بزنجو نے اعلان کیا تھا کہ ان چاروں منصوبوں کے بعد کراچی سے چلنے والی فیری سروسز کا دائرہ کار دبئی اور سعودی عرب کی بندرگاہوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم وفاقی وزیر نے اس ضمن میں مزید تفصیل پیش نہیں کی۔
وزیر پورٹ اینڈ شپنگ نے کہا تھا کہ سب سے پہلی فیری سروس کراچی سے پورٹ قاسم چلے گی، اس کے لیے ہمیں بہت تقاضا کیا جارہا تھا کہ پورٹ قاسم جانے میں مشکلات درپیش ہیں اور ٹریفک جام ملتا ہے اس یے یہ فیری سروس کراچی کے لیے تحفہ ہوگا ساتھ ہی سمندر کنارے کروز بھی کھڑے کریں گے تاکہ فیملیز سمندر کنارے کے بجائے سمندر کے بیچوں بیچ بیٹھ کر کھانا کھائیں اور لطف اندوز ہوسکیں۔