The news is by your side.

’ترکیہ کی 90 ہزار مساجد میں آج پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے دعا کی جائے گی‘

انقرہ: ترکیہ کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ترکیہ کی 90 ہزار مساجد میں آج پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے خصوصی دعا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے وزیر داخلہ اور وزیر ماحولیات 15 رکنی وفد کے ساتھ پاکستان پہنچ گئے، احسن اقبال، شیری رحمان اور رانا ثنا اللہ نے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

ترکیہ کے وزرا اور وفد پاکستان میں مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، اور پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ نے کہا ہم مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ترکیہ سے امدادی سامان کے 11 جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں، امدادی سامان لے کر 2 ٹرینیں بھی 6 روز میں پاکستان پہنچ جائیں گی۔

ترکیہ کے وزیر ماحولیات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ آپس میں بھائی اور گہرے دوست ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وفد کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا، اور کہا کہ ہم عوام کی طرف سے ترکیہ کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ترکیہ پاکستان کا مخلص دوست ہے۔

واضح رہے کہ سی اے اے کے مطابق ترکیہ سے مجموعی طور پر 11 طیاروں کے ذریعے اب تک 120 ٹن سے زائد امدادی سامان سیلاب متاثرین کے لیے لایا گیا ہے، 9 طیاروں کے ذریعے کراچی ایئر پورٹ اور 2 طیاروں نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر سیلاب متاثرین کے لیے سامان پہنچایا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں