ہفتہ, اکتوبر 19, 2024
اشتہار

حکومت کی ملک میں فٹبال کے فروغ کیلیے مکمل تعاون کی یقین دہانی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر و وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے پاکستان فٹبال لیگ (پی ایف ایل) کو فروغ دینے کیلیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

پی ایف ایل کے وفد نے مائیکل اوون اور فرحان احمد جونیجو کی زیرِ قیادت مشیر وزیر اعظم و وزیر رانا ثنا اللہ، وفاقی سیکرٹری ندیم ارشاد کیانی سمیت وزارت کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی اور پاکستان میں فٹبال کی ترقی کیلیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا۔

اس موقع پر رانا ثنا اللہ، جن کے پاس اسپورٹس کا محکمہ بھی ہے، نے کہا کہ آپ ہمارے  پاس 27 افراد پر مشتمل وفد ساتھ لے کر لائے ہیں ان میں 8 ملکوں کے فٹبال کے بڑے بڑے نام بھی شامل ہیں، ہم انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

- Advertisement -

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آپ تمام مشکلات کی پرواہ کیے بغیر فٹبال کی ترقی اور پاکستان کے بچوں کیلیے کام کریں، آپ کو حکومت پاکستان سے جو بھی تعاون درکار ہے وہ ہم آپ کو فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان اور پاکستان کے بچوں کیلیے بہت بڑا اقدام ہے جو ملک میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا، وزیر اعظم شہباز شریف اس وقت چین کے دورے پر ہیں اس لیے انہوں نے مجھے مینڈیٹ دیا ہے، اپنی اور اپنی منسٹری کی طرف سے یہ  یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت آپ لوگوں کے ساتھ  فٹبال کی ترقی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایف ایل کا دورہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، ہم لیگ اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر پاکستان میں فٹبال کا مضبوط ایکو سسٹم بنانے کیلیے پُرعزم ہیں۔

اس موقع پر اجلاس میں وفد کے سربراہ  مائیکل اوون نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے بنیادی انفراسٹرکچر کو ڈیویلپ کرنا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا، نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا اور ملک میں مجموعی طور پر فٹبال کا معیار بلند کرنا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں