کراچی: پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 22 ماہی گیروں کو ملیر جیل سے رہا کردیا، انھیں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ایک بار پھر جذبہ خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملیر جیل سے 22 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا ہے، ماہی گیر پاکستان کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گرفتار ہوئے تھے
پولیس کا کہنا تھا کہ رہائی پانے والے قیدیوں کو ٹرین سے واہگہ بارڈر پہنچایا جائے گا، جہاں انھیں بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
لانڈھی جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ارشد شاہ نے بتایا کہ رہائی پانے والے 22 بھارتی ماہی گیروں میں تین مسلمان اور 19 ہندو شامل ہیں۔
ان ماہی گیروں کو پاکستانی حکام نے گزشتہ تین برسوں کے دوران پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر ماہی گیری کے الزام میں گرفتار کیا تھا، اور وہ اپنے جرم کی وجہ سے مقامی عدالت کی طرف سے سنائی گئی سزا کاٹ چکے ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت متعدد بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرچکا ہے، 360 بھارتی ماہی گیروں کو جیلوں سے رہا کیا گیا۔
واضح پاکستان کی جانب سے حراست میں لیے جانے والے بھارتی ماہی گیروں کا انسانی حقوق کی بنیاد پر ہر طرح کا خیال رکھا جاتا ہے اور انہیں ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ اس کے برعکس رواں سال میں اب تک بھارتی جیلوں میں تین پاکستانی ماہی گیروں کو قیدیوں نے تشدد کر کے شہید کردیا۔