بھارتی جارحیت سے متاثرہ افراد کو امداد کی ادائیگی کیلئے رقم حکومت آزادکشمیر کو فراہم کر دی گئی۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے53 کروڑ سے زائد رقم حکومت آزاد کشمیر کو دی گئی ہے۔ پیکج کے تحت شہدا کے ورثا کو ایک ایک کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔
شدید زخمیوں کو 20 ،20 لاکھ اور زخمیوں کو 10،10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
حکومت آزاد کشمیر 10 لاکھ روپے فی کس شہدا کے ورثا کو اور معذور افراد کو 8 لاکھ دےچکی ہے۔ آزادکشمیر حکومت شدید زخمیوں کو 3،3لاکھ اور زخمیوں کو 50،50 ہزار ادا کر چکی ہے۔
حکومت آزاد کشمیر نے شہدا کے ورثا کو گھرگھر جا کر معاوضہ جات کی ادائیگی کی ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے 15 موبائل ہیلتھ یونٹ، 50 ایمبولینسیں، ایک کروڑ مالیت کی ادویات، ایک ہزار خیمے، 5 ہزار ترپال سمیت امدادی سامان پر مشتمل ٹرک لائن آف کنٹرول اور متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیے۔
حالیہ جنگی صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن کی ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے ہنگامی پریس بریفنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اکرام الحق سبحانی، نائب صدر زکر اللہ مجاہد، الخدمت ہیلتھ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف اور سی ای او خبیب بلال نے شرکت کی۔
سید وقاص جعفری نے اس موقع پربتایا کہ حالیہ ہنگامی صورتحال اور سویلین آبادی پر جارحیت کے نتیجے میں الخدمت فاؤنڈیشن نے فوری اور مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔