لاہور: ہاکی ورلڈ کپ میں بدترین شکست کے بعد قومی ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ نے انٹرنیشنل ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ہاکی ورلڈ کپ میں ناکامی کے بعد بلیم گیم شروع ہوگیا ہے، مینجمنٹ نے سینئر کھلاڑیوں کو شکست کا ذمہ دار ٹھہرایا تو کپتان رضوان سینئر نے بھی مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا، ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ نے دلبرداشتہ ہوکر ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
عمران بٹ نے 156 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ پریس کانفرنس میں اپنی ریٹائرمنٹ کی وجوہات بتائیں گے۔
عمران بٹ نے کہا کہ بھارت میں ہونے والا ورلڈ کپ ان کا آخری ایونٹ تھا۔
I officially announce my retirement from international hockey. I would like to thank all the people who encouraged me in this amazing journey of my hockey career @SalmanAkbar12 @ad_grays @asia_hockey pic.twitter.com/4OlsYHPDb2
— Imran butt (@Buttimran58Butt) December 20, 2018
ورلڈ کپ میں شکست کے بعد استعفوں کی لائن لگ گئی ہے اس سے قبل ہیڈ کوچ، معاون کوچ بھی مستعفی ہوچکے ہیں۔
رضوان سینئر نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے غلطیاں چھپانے کے لیے استعفیٰ دیا ہے، ہمیں فوٹو سیشن والی مینجمنٹ نہیں چاہئے، کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ یہی حال رہا تو اولمپکس 2020 تو دور کی بات ہے کوالیفائر جیت گئے تو بھی معجزہ ہی ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان ہاکی ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں شکست کھا کر باہر ہوگیا تھا تاہم اس کے باوجود پاکستانی ٹیم کی رینکنگ میں ایک درجہ بہتری ہوئی ہے اور وہ تیرہویں سے بارہویں نمبر پر آگئی ہے۔