اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کیلیے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب روانگی سے قبل لازمی ویکسین لگانی ضروری ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے ہدایت کی کہ عازمین حج گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو کی ویکسین نزدیکی حاجی کیمپ سے مفت لگوائیں، ویکسینیشن کے بعد حاجی کیمپ سے پیلا کارڈ لازمی حاصل کریں کیونکہ سرٹیفیکیٹ کے بغیر سعودی عرب میں داخلہ ممکن نہیں۔
ہدایت کی گئی کہ 65 سال سے زائد عمر کے عازمین حج اپنا پرانا کورونا ویکسین کارڈ لازمی ہمراہ رکھیں، کارڈ نہ ہونے کی صورت میں صرف وہی افراد نزدیکی حاجی کیمپ سے کورونا ویکسین لگوا کر کارڈ حاصل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ’حج ویزے‘ کے علاوہ مکہ مکرمہ میں ہوٹل بکنگ نہ کرنے کی ہدایت
دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج کیلیے نسک کارڈز کی تقسیم شروع کر دی ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 50 ہزار کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ کی جانب سے نسک کارڈ انتہائی اعلیٰ معیار کے پرنٹنگ کمپنی میں تیار کیے جا رہے ہیں جس میں بہترین سکیورٹی فیچرز کو شامل کیا گیا ہے۔
رواں برس کیلیے تیار کیے جانے والے نسک کارڈز کی خاص بات یہ ہے کہ گراؤنڈ پر موجود سکیورٹی اہلکار اس کی جانچ آسانی سے کر لیں گے۔
کارڈ میں عازم حج کی تمام معلومات موجود ہیں جن میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعرمقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزدلفہ) کے ایڈریس اور کمپنی کے بارے میں مکمل معلومات و اہم ٹیلی فون نمبر کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ عازمین حج کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔