اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

دہلی فسادات کی سخت مذمت، پاکستان ہندو کونسل نے مودی کو ہٹلر قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان ہندو کونسل نے نئی دہلی میں جاری مسلم کش فسادات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مودی کو ہٹلر قرار دے دیا۔

پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی زیر صدارت پی ایچ سی کا اجلاس ہوا جس میں بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف جاری مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہندو مذہب کی تعلیمات نہیں کہ دوسرے عقیدے سے تعلق رکھنے والے شخص کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جائے، بھارت کے انتہاء پسند فسادی مذہبی تعلیمات کا مطالعہ کریں‘۔

پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین نے بھارتی مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف جاری مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مودی کو ہٹلر قرار دیا اور کہاکہ ’وزیراعلیٰ بننے کے بعد مودی نے گجرات کے مسلمانوں کا خون بہایا اور اب وزیراعظم بن کر پورے ملک کو لہولہان کردیا‘۔

مزید پڑھیں: نئی دہلی: شہید کی جانے والی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی

ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ ’دہلی میں ہونے والے مظالم کی ویڈیوز دل دہلا دینے والی ہیں، اب وقت ہے کہ عالمی برادری بھارتی حکومت کی سرپرستی میں ہونے والے قتل عام کا نوٹس لے، انسانیت کا درد رکھنے والے ہر شخص کو بھارت میں جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’دنیا کے ہر مذہب کی تعلیمات انسانیت اور دوسرے مذاہب کے احترام کا درس دیتی ہیں ، بھگوان کا نعرہ لگا کر مسلمانوں کی بستیوں پر حملہ کرنے والے تعلیمات کا مطالعہ کریں‘۔

’ہندو دھرم میں کہاں درج ہے کہ اقلیتوں کے خلاف ہولناک مظالم کیے جائیں، نظریاتی اختلافات ہونا فطری ہے مگر ریاست کا کام ہے وہ تمام اقلیتوں کی حفاظت کو یقینی بنائے‘۔

پاکستان ہندو کونسل نے متنازع شہریت قانون کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ صورت حال کا نوٹس لے اور بھارت کو سیکولر آئین کی اصل شکل میں بحال کرے، بصورت دیگر جلد ہی بھارت کے مزید ٹکڑے ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نئی دہلی: مشتعل ہجوم نے فوجی اہلکار کو بھی نہ بخشا، گھر کو آگ لگا دی

ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ ’پاک سرزمین میں بسنے والا ہر ایک ہندو پاکستان کو اپنی دھرتی سمجھتا ہے اور اس سے محبت بھی کرتا ہے، کوئی بھی محبِ وطن پاکستانی شہریت چھوڑنے کا تصور تک نہیں کرسکتا‘۔

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں