جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

پی ایس ایل کے بعد پاکستان ہاکی سپرلیگ منعقد کرانے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : کرکٹ میں پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن بھی ملک میں ہاکی کی سپرلیگ کروانے کے لئے میدان میں آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدربریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان سپر لیگ کی طرز پر ہاکی لیگ کروائی جائے گی، ہاکی سپرلیگ کے انعقاد کے لئے سکیورٹی ایجنسیز نے سکیورٹی کی یقین دہانی کروادی ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، پریس کانفرنس کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئرریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھرنے اقرارکیا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم مکمل طورپرتیارنہیں تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں ہاکی کی بحالی کے لئے دو ہزار بیس تک کا پلان وزیر اعظم نواز شریف کو منظوری کے لئے بھیج دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان سپر لیگ کی طرزپرہاکی لیگ کروائی جائے گی، خالد سجاد کھوکھرکا کہنا تھا کہ ملک بھر سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ایک سو تیس بہترین کھلاڑیوں کا پول منتخب کیا ہے جن کے روزگار کے لئے مختلف اداروں سے بات بھی چل رہی ہے۔

پی ایچ ایف کے صدر نے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، صرف محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لئے دستیاب وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں