اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نا اہلی کے سبب ہالینڈ میں موجود قومی ہاکی ٹیم کھلے نلکوں سے پانی پینے پر مجبور ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم اس وقت چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے ہالینڈ میں موجود ہے تاہم کروڑوں کے فنڈز رکھنے والی فیڈریشن کھلاڑیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بھی ناکام ہوگئی۔
نااہلی کے سبب فیڈریشن کھلاڑیوں کو منرل واٹر اور انرجی ڈرنکس مہیا نہ کر سکی جس کے بعد کھلاڑی سڑک پر لگے نل سے پانی بھرنے پر مجبور ہوگئے۔
خیال رہے کہ ہالینڈ میں یہ ہاکی کی آخری چیمپئنز ٹرافی ہے جس کے بعد اس ٹورنامنٹ کا سلسلہ ختم کردیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت نے 0-4 سے شکست دی تھی۔
بھارت کے ہاتھوں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور بدترین شکست پر سابق اولمپیئنز جنید خواجہ برس پڑے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کوچز لگانے کے باوجود ٹیم میں نمایاں تبدیلی نظر نہیں آئی۔ فیڈریشن درست فیصلے کرنےمیں ناکام ہوگئی ہے۔ ایک ماہ ہالینڈ میں رہنے کے باوجود قومی ٹیم بھارت جیسی کمزور ٹیم سے شکست کھا گئی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔