کراچی: پاکستانی ہاکی ٹیم بغیر گول کیپر کے ہی ایشیئن چیمپئنز ٹرافی کھیلنے ڈھاکہ روانہ ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ہاکی فیڈریشن نے ہاکی کیمپ میں گول کیپر مظہر اور امجد کو طلب کیا گیا لیکن دونوں کے ویزے تاحال نہ لگ سکے جس کے باعث وہ ٹیم کے ساتھ روانہ نہ ہوسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جونئیرہاکی ٹیم کےگول کیپر کو متبادل کےطورپر طلب کیاگیا ہے، تاہم انہیں بھی ویزہ مسائل کا سامنا ہے، 13 دسمبر تک قومی ٹیم میں کوئی گول کیپر نہ پہنچ پایا تو پہلے سے مشکلات کا شکار قومی ٹیم کیلئے مشکلات مزید بڑھ جائیں گی ۔
ایشین چیمپینز ٹرافی میں چھ ایشیائی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں میزبان ملک بنگلہ دیش سمیت پاکستان ، بھارت، کوریا، جاپان اور ملائشیا شامل ہیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم 14 دسمبر کو اپنا پہلا میچ جاپان کیخلاف کھیلے گی، روایتی حریف بھارت کیساتھ پاکستان کا میچ 16 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔
قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، کیونکہ ایشین چیمپئنز ٹرافی ایک ورلڈ کلاس ٹورنامنٹ ہے۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ سے قومی ٹیم نے انٹرنیشنل ایونٹ میں حصہ نہیں لیا تاہم کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ کی ہے، بالخصوص فزیکل فٹنس اور ٹیکٹیکل انڈر سٹینڈنگ شامل ہے، جس کے باعث کھلاڑیوں کے کھیل اور پرفارمنس میں کافی بہتری آئی ہے۔