کراچی: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی کا سنہرا دور جلد لوٹے گا، پاکستان ہاکی کو اولمپکس اور ورلڈ کپ کے میدان میں کھڑا کرنے کے لیے پُرعزم ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ساتھ کراچی میں ملاقات کی ہے، گورنر سندھ کی جانب سے سیکریٹری پی ایچ ایف حیدر حسین کو قومی کھیل میں خدمات پر تعریفی سند دی گئی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ اولمپک کوالیفائر ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے، پی ایچ ایف کوشش کرے کہ اس ایونٹ کے ایک دو میچز کراچی میں کرائے جائیں، حیدر حسین نے کراچی میں گراس روٹ لیول پر مثالی کام کیا ہے۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ حیدر حسین پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے، گورنر سندھ نے حیدر حسین کو انٹرنیشنل ایونٹ کے سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
پی ایچ ایف سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے کہا کہ پاکستان ہاکی کا سنہرا دور جلد لوٹے گا، میں پاکستان ہاکی کو اولمپکس اور ورلڈ کپ کے میدان میں کھڑا کرنے کے لیے پُرعزم ہوں، اور ہم مل کر قومی کھیل کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔