کراچی : جشن آزادی پر کراچی کے شہریوں نے خریداری کے پچھلے تمام یکارڈ توڑ دیئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں نے ملک کا سترویں یوم آزادی کا جشن شایانِ شان طریقے سے منایا اور تمام پچھلے ریکارڈ توڑ ڈالے، شہریوں نے آزادی کا جشن منانے کیلئے 15 ارب کی ریکارڈ خریداری کی۔
چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 70 ویں یوم آزادی کا جشن منانے کیلئے یکم اگست سے شروع ہونے والی خریداری چودہ اگست کی صبح تک جاری رہی، شہر بھر میں مقامات پرقومی پرچوں اورسبزہلالی لباس کے پتھارے، دکانیں اور اسٹالز لگائے گئے ، جہاں شہریوں نے 5 کروڑ چھوٹے بڑے جھنڈے خریدے۔
عتیق میر کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کے موقع پر بازاروں میں جھنڈے، ٹی شرٹس، بیجز، کیپس، غبارے، چوڑیاں، ماسک، جھنڈیاں، دوپٹے، ملّی نغموں کی سی ڈیز، آتش بازی کا سامان اور دیگر اشیاء کی بھرپور خریداری کی گئی اور اہم شاہراہوں اور چورنگیوں سمیت بیشتر بازار، سرکاری و نجی عمارتیں اوررہائشی مکانات کو برقی قمقموں اور رنگین جھالروں سے سجایا گیا۔
انہوں نے قوم کے اس حب الوطنی کے جذبے کو ملک کے روشن مستقبل، سلامتی کیلئے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ عوام کا جوش و خروش قابلِ دید تھا، جس کے باعث 13 اگست کی رات عید الفطر کی چاند رات سے زیادہ پُررونق نظرآرہی تھی۔
کراچی تاجر اتحاد کا کہنا ہے گزشتہ سال 10ارب روپے کا یوم آزادی کا سامان خریدا گیا تھا۔