اسلام آباد : پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا تاہم امتحانات شیڈول کےمطابق منعقدکیےجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں تمام تعلیمی اداروں کو ایک دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر آج نجی وسرکاری اسکولزوکالجزبندرہیں گے تاہم ،آج ہونے والے امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے،۔
حکام نے بتایا کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان جاری صورتحال کے درمیان طلباء اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
حکام نے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی اپ ڈیٹ یا ہدایات کے لیے اپنے متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں۔
یاد رہے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے تصدیق کی کہ پاکستان میں چھ مختلف مقامات پر 24 بھارتی حملوں کے نتیجے میں 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 دیگر زخمی ہوئے۔
جن علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ان میں کوٹلی بھی شامل ہے، جہاں دو شہری، جن میں ایک 16 سالہ لڑکی اور ایک 18 سالہ لڑکا شامل ہے، مسجدِ عباس پر حملے کے نتیجے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس حملے میں ایک خاتون اور اس کی بیٹی بھی زخمی ہوئیں۔