بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو الگ الگ گروپ میں رکھے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کشیدہ سیاسی تعلقات کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ایونٹس یا پھر ایشیا کپ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے ہیں۔
بی سی سی آئی کے ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ یہ مسئلہ سالانہ کانفرنس میں زیر بحث آئے گا۔ اگرچہ بھارت اور پاکستان کے آئی سی سی ایونٹس میں نہ کھیلنے کا امکان ہے لیکن انہیں ایک ہی گروپ میں شامل نہ کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
پاک بھارت ٹیموں کے الگ گروپ کا فیصلہ 17 سے 20 جولائی تک سنگاپور میں ہونے والی آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس کے دوران کیا جائے گا۔
کانفرنس میں آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ، بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سابق سیکرٹری کی شرکت کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بی سی سی آئی ماضی میں آمنے سامنے آچکے ہیں، پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھی بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئی تھی اور سارے میچز دبئی میں کھیلے تھے۔
بی سی سی آئی کے انکار پر پی سی بی کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ روایتی حریف اگلے تین سال تک آئی سی سی ایونٹ کے لیے ایک دوسرے کے ملک کا دورہ نہیں کریں گے اور اس کے بجائے اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔