پاک بھارت بڑھتی ہوئی کشیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں جاری تمام ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق تمام ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ جس میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ 2، ریجنل انٹرا ڈسٹرکٹ چیلنج کپ، انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹس کو ملک میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث فوری طور پر ملتوی کررہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹورنامنٹس کو ری شیڈول کرنے سے متعلق اعلان جلد کیا جائے گا جبکہ تمام ایونٹس اسی مرحلے سے دوبارہ شروع ہوں گے۔
قبل ازیں پی سی بی نے پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے پاکستان کی جانب سے بھارتی میزائل اور ڈرون حملوں کے خلاف جوابی کارروائی پر لب کشائی کی ہے۔
سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے فوٹو اینڈز ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے اکاؤنٹ سے پوسٹ میں پاکستان کی جانب سے میزائل ’فتح وَن‘ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ’بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ‘ تحریر کیا۔
سابق وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان المرصوص، پوری قوم کو ہماری بہادر فوج پر فخر ہے، پاک فوج زندہ باد‘۔
پاک فوج کے حق میں دعا کرتے ہوئے سابق بلے باز نے لکھا کہ اللّٰہ رب العزت ہماری فوج کو طاقت، حفاظت اور فتح عطا فرمائے، اپنی فوج کیلیے دعا کرتے رہیں۔
واضح رہے کہ آج صبح فجر کے وقت پاکستان نے بھارتی جارحیت پر جوابی کارروائی شروع کرتے ہوئے آپریشن بنیان المرصوص کا آغاز کیا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی، کرکٹ آسٹریلیا کا اہم بیان سامنے آگیا
پاک فوج نے بہترین مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت میں ایئربیس ادھم پور، براہموس اسٹوریج پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ، سپلائی ڈپو ’اُڑی‘، سپلائی، بھارتی بریگیڈ کوارٹر جی ٹاپ و دیگر تباہ کردیے۔