کراچی: سری لنکن ٹیم کے کپتان کرونارتنے کا کہنا ہے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے اور سیکیورٹی بھی بہت اچھی ہے، یہاں ہمیں گھر جیسا ماحول ملا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پہلے 2دن اچھا کھیلا پھر ہم اچھا کھیل پیش نہ کرسکے، پاکستان ٹیم سے عابد علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، ہمیں معلوم تھا کہ انہیں رنز کی بھوک تھی۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ٹیمیں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کھیلنے یہاں آئیں، نسیم شاہ کم عمری میں بھی بہت میچور باؤلنگ کررہا تھا، بابراعظم بہت زبردست کرکٹر ہے، عابد علی بہت محنتی ہے، محنت اس کی بیٹنگ میں نظر آتی ہے۔
ہمیں اس جیت کی بہت ضرورت تھی: کپتان اظہرعلی
کرونارتنے کا کہنا تھا کہ ہمارے کرکٹرز میں تجربےکی کمی رہی، ٹیسٹ صبر وتحمل کا کھیل ہے۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کومنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میچ کے دوران پریشر نہیں لیا، بھروسہ تھا کہ اچھا کھیل کر فتح اپنے نام کریں گے، سنچری بنا کر بہت اچھا لگا، ہمیں اس جیت کی بہت ضرورت تھی، سری لنکا کی ٹیم کا بھی بےحدشکر گزار ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ اپنے نام کرلیا، قومی ٹیم نے سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں 263 رنز سے شکست دے دی، سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے بولرز اور بلے باز دونوں چل گئے، سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پاکستانی بولرز نے کسی کھلاڑی کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا اور فتح اپنے نام کرلی۔