برسلز: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، موجودہ حکومت ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی کا برسلز میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ملکی ترقی میں اہم کرادار ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے، حکومت کاروبار آسان بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویزہ کا عمل آسان بنانے اور سیاحت کا فروغ ترجیح ہے، جمہوریت کے تسلسل سے پاکستان ترقی کے اہداف حاصل کرلے گا۔
وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل سے مثبت ملاقات ہوئی اس دوران افغانستان، بھارت، خطے کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی۔
افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں: وزیر خارجہ
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کےساتھ جی ایس پی پلس کی سہولت اہم ہے، جی ایس پی پلس سے دوطرفہ تجارت کے مواقع بڑھیں گے۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گذشتہ روز برسلز پہنچے ہیں، جہاں وہ وزیرخارجہ نیٹو کے جنرل سیکرٹری اسٹولٹن برگ اور یورپی یونین کی عہدیدار فیڈ ریکا موگرینی سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ پاکستان اور یورپی یونین میں جامع اسٹریٹجک پلان پر دستخط کیےجائیں گے۔