اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ پاکستانی طلبا کوسہولتیں فراہم کرنے پر چین کے شکرگزار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی چین کے سفارت خانے آمد پر چینی سفیر یاؤ جنگ نے چیئرمین سینیٹ کا استقبال کیا۔دلاور خان، ستارہ ایاز، محمدعلی سیف، نصیب اللہ اور اشوک کمار چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کرونا وائرس پر پاکستانی قوم چین کے ساتھ ہے، سیاسی قیادت، پارلیمان اور عوام چین سےاظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ چین کی حکومت کے کرونا وائرس پر قابو پانے کے اقدامات قابل تحسین ہیں، پاکستانی طلبا کو سہولتیں فراہم کرنے پر چین کےشکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی توطبی ماہرین پرمشتمل ٹیم چین بھجوائی جائے گی، پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
چینی سفیر نے اظہار یکجہتی پر چیئرمین سینیٹ ،پارلیمان اور عوام کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی طلبا ہمیں بہت عزیز ہیں، پاکستانی طلبا کو ہر ممکن سہولتیں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
کرونا وائرس دنیا کے لیے بڑا خطرہ بن گیا، اموات 2619 ہو گئیں
واضح رہے کہ کرونا وائرس دنیا کے لیے بڑا خطرہ بن گیا ہے، وائرس سے اموات کی تعداد 2619 ہو گئی۔