ہانگ کانگ: وزیر اعظم محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑا ہے، تاہم اب پاکستان ایک پر اعتماد اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے تیار ملک ہے۔
تفصیلات کے لیے ہانگ کانگ میں ون بیلٹ ون روڈ سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت سے نقصانات اٹھانے پڑے اور آج بھی پاکستان کو چیلینجز کا سامنا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ صرف چین اور پاکستان کے لیے نہیں بلکہ پورے خطے، افریقہ اور یہاں تک کے اس سے یورپ کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔
انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سرمایہ کار دوست پالیسی سازی کی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔ خدمات، توانائی اور آٹو سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو سے ملاقات
وزیر اعظم نواز شریف سے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو لی چن یانگ نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو سے بات چیت میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہانگ کانگ میں برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادانہ تجارتی پالیسی سرمایہ کاروں کو شاندار مواقع فراہم کرتی ہے۔ پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات ہیں جنہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو لی چن یانگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان گہرے تعلقات ہیں اور فریقین کو اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
بعد ازاں وزیر اعظم نواز شریف سے چیئرمین شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کارپوریشن اور چیئرمین زیڈ ٹی ای کارپوریشن نے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیر اعظم نے ہانگ کانگ کے تاجروں پر زور دیا کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری میں سرمایہ کاری کریں۔
ملاقاتوں کے درمیان وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم مزید 2 روز تک ہانگ کانگ میں قیام کریں گے۔ وہ چین کا 3 روزہ کامیاب سرکاری دورہ کر کے ہانگ کانگ پہنچے ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔