لندن: کاروبار میں آسانی کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جانے لگا ہے، پاکستان کو سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ترین ملک قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے پاکستان کو سرمایہ کاروں کے لیے ابھرتی ہوئی مارکیٹ قرار دے دیا، فنانشل ٹائمز نے لکھا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں عمران خان کی کامیابی کے بعد پاکستان کے مجموعی آؤٹ لک میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
معروف برطانوی اخبار نے لکھا کہ مختصر عرصے میں پاکستان میں معاشی پالیسیوں میں قابل ذکر بہتری ہوئی، کاروباری اور معاشی پالیسیوں میں نمایاں تبدیلیوں کے باعث پاکستان کا مجموعی آؤٹ لک بھی بہتر ہوا۔
اخبار کے مطابق نئی قیادت کے تحت پاکستان کے اسٹیٹ بینک میں بھی بنیادی اصلاحات کی گئیں، جن کے ذریعے اسٹیٹ بینک کو جدید مرکزی بینک کے سانچے میں ڈھالا جا چکا ہے۔
عمران خان کے ایک سالہ اقتدار میں پاکستان عالمی پلیئر کے طورپر سامنے آیا: برطانوی اخبار
اخبار نے یہ بھی لکھا ہے کہ سرمایہ کاروں کو پاکستان جیسی نئی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس برطانوی اخبار انڈیپینڈنٹ نے عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کا تجزیہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ عمران خان کے ایک سالہ دور اقتدار میں پاکستان عالمی پلیئر کے طور پر سامنے آیا ہے۔
تجزیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو ورثے میں نامساعد حالات اور ابتر معاشی صورت حال ملی، تنقید کے باوجود عمران خان ملک کو آگے لے جانے میں کامیاب نظر آئے، ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے عمران خان نے کئی اقدامات کیے، وہ ان اقدامات پر تنقید کی بجائے تعریف کے مستحق ہیں۔