اسلام آباد : پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورونا کیسز بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو تجویز دی ہے کہ ماسک نہ پہننے والوں پر بھاری جرمانے کرے اور کورونا پھیلاؤ کے پیش نظر اجتماعات منسوخ کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورونا کیسز بڑھنے پر اظہار تشویش کردیا ، صدر پیما اسلام آباد ڈاکٹر افتخار برنی نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ شدید ہے، موسمی حالات کے پیش نظر کورونا کے مزید پھیلنے کے امکانات ہیں۔
پروفیسر اقبال خان نے حکومت کو تجویز دی کہ ماسک نہ پہننے والوں پر بھاری جرمانے کرے اور کورونا پھیلاؤ کے پیش نظر اجتماعات منسوخ کر دیں، جلسے جلوس کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بنیں گے۔
خیال رہے پاکستان میں کوروناکی صورتحال تشویشناک ہونے لگی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے مزید اٹھارہ افراد انتقال کرگئے، جس کے بعد وائرس سے جاں بحق افراد کی کل تعداد چھ ہزار آٹھ سو سڑسٹھ ہوگئی ہے۔
چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید ایک ہزار تین سو تیرہ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ملک کے مختلف اسپتالوں میں چودہ ہزار چھ سو چھیالیس مریض زیرعلاج ہیں۔
یاد رہے این سی او سی نے کرونا کی تیزی سے بگڑتی صورت حال کے حوالے سے اجلاس کیا جس میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کے لیے ماسک لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا
این سی او سی نے شادی ہال، مارکیٹس اور مال رات دس بجے بند کرنے کی ہدایت کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں بصورت دیگر صورت حال خطرناک ہوسکتی ہے۔