اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی دہشتگرد کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو ویزے جاری کر دئیے، کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ پچیس دسمبر کو ملاقات کے لیے پاکستان آئیں گی۔
پاکستان نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کردی، دشمن ملک کے دہشتگرد کلبھوشن کی بیوی اور والدہ سے ملاقات کیلئے ویزے جاری کردیئے۔
بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے کلبھوشن کی والدہ، اہلیہ کو ویزا دینے سے آگاہ کیا، کلبھوشن کی والدہ کو اس بارے میں مطلع کردیا ہے۔
یاد رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ پاکستان نے کلبھوشن کی اہلیہ ،والدہ کو پچیس دسمبر کو ملاقات کی اجازت دیدی، ملاقات میں ایک بھارتی سفارت کار بھی موجود ہوگا۔
مزید پڑھیں : پاکستان نے کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو 25 دسمبر کو ملاقات کی اجازت دیدی
واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو اس وقت پاکستان میں قید ہے، بھارتی دہشتگرد کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد اس نے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیاں کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
پاکستان کی فوجی عدالت نےکلبھوشن کوپھانسی کی سزاسنا رکھی ہے، جس پر بھارت نے دس مئی کو عالمی عدالتِ انصاف کا دروازہ کھٹکھٹایا اور سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔
جس کے بعد عالمی عدالتِ انصاف نے کلبھوشن کیس میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان بھارت کو کلبھوشن تک قونصلر رسائی دے‘ اور امید ہے کہ پاکستان عالمی عدالت کا مکمل فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو سزا نہیں دی جائے گی۔
کلبھوشن کیس کی سماعت آئی سی جے میں اب جنوری 2018 میں ہونے کا امکان ہے۔