اسلام آباد : دفترخارجہ کے ترجمان نے پاکستانیوں کو عراق کا سفر کرنے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق میں رہائش پذیر پاکستانی ہائی کمیشن بغدادسے رابطے میں رہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی جنرل قاسم سیلمانی کی ہلاکت کے بعد امریکا ایران کشیدگی عروج پر ہے، ایران کے جوابی حملے کے بعد پاکستان کی جانب سے سفری ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ایڈوائزری خطےکی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر جاری کی گئی اور پاکستانیوں کو عراق کا سفر کرنے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عراق میں رہائش پذیر پاکستانی ہائی کمیشن بغدادسے رابطے میں رہیں۔
یاد رہے جنرل سلیمانی کے قتل پر ایران نے امریکا پر جوابی وار کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر دو حملے کئے، واشنگٹن نے حملوں کی تصدیق کر دی ہے جبکہ ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے ایران کےعراق میں امریکی فوجی اڈوں پرمیزائل حملوں میں80افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں : ایران نے امریکا پر جوابی وار کر دیا
پاسداران انقلاب نے بیان میں تنبیہہ کی ہے کہ امریکا خطے سے اپنی افواج نکالے، ورنہ اسرائیل اور امریکی اتحادیوں کو بھی نشانہ بنائیں گے، امریکی اتحادی ممالک سے حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیں گے، آیندہ کسی امریکی حملے کی صورت میں مزید سخت جواب دیں گے۔
واضح رہے بغداد ائیرپورٹ پر امریکی فضائی حملہ میں ایران کی القدس فورس کے جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک ہوگئے تھے،جس کے بعد ایرانی حکومت نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔