اسلام آباد: پاکستان اور کویت کے درمیان صنعتی تعاون اور انجینئرنگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کے اہم معاہدے طے پا گئے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کویت کے لائیو اسٹاک کے ادارے سے مشاورتی اجلاس کیا جس میں انہوں نے اور کویت کے وزیر کامر س و انڈسٹری نے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔
اجلاس میں عبدالعلیم خان نے اعلان کیا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلیے کویت میں ’کمرشل قونصلر‘ تعینات کریں گے، کویت سے فارماسوٹیکل، انجینئرنگ اور آٹو موٹیو کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ، ٹیکسٹائل اور توانائی کے شعبوں میں کویت سے مل کر مزید سرمایہ کاری کریں گے۔ انہون نے یہ بھی اعلان کیا کہ جی سی سی ممالک کیلیے جلد پاکستان میں ’ویزا آن آرائیول‘ شروع ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں کویت بھی پاکستانیوں کیلیے ویزے کی شرائط میں نرمی لائے گا، پاکستان میں ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری کی خصوصی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔
عبدالعلیم خان نے آخر میں کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی، ٹورازم، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔
حال ہی میں کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دورۂ پاکستان کی دعوت قبول کی ہے۔
پاکستان میں تعینات کویت اور قطر کے سفرا سے وزیر اعظم شہباز شریف نے الگ الگ ملاقات کی تھی، کویت کے سفیر نے وزیراعظم کو امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کا خط پیش کیا تھا جس میں امیر کویت کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرنے کا پیغام تھا۔
دوسری جانب قطر کے سفیر نے وزیر اعظم کو شیخ تمیم بن حمدالثانی کا خط پیش کیا تھا جس میں امیر قطر نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرنے کا پیغام دیا۔
پاکستان کے کویت اور قطر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلیے یہ ایک بڑی پیشرفت ہے۔ امیر کویت اور امیر قطر کا دورہ پاکستان کے کویت اور قطر کے ساتھ سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے میں کارگر ثابت ہوگا۔