اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

پاکستان نے مسعود اظہر کو کشمیر سے جوڑنے کی بھارتی کوشش ناکام بنا دی: ترجمان دفتر خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کی خود ارادیت کی جدوجہد کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی، جسے پاکستان نے نا کام بنا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہے، پاکستان میں کالعدم اور دہشت گرد تنظیموں کے لیے کوئی جگہ نہیں، پاکستان نے مسعود اظہر کو کشمیر سے جوڑنے کی بھارتی کوشش کی مخالفت کی، اب بھارت نے کشمیر سے متعلق اپنا الزام واپس لے لیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے مسعود اظہر کا نام پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا، مسعود اظہر پر سفری پابندی، اثاثے منجمد اور اسلحے کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی, تاہم اس معاملے کا پاکستان میں کوئی اثر نہیں ہوگا، بھارت نام پابندیوں کی فہرست میں ڈالنے کو اپنی فتح کہہ رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا پاکستان ان پابندیوں کا اطلاق فوری طور پر کرے گا، پاکستان سے آج تک کسی نے پابندیوں کا اطلاق نہ کرنے کی شکایت نہیں کی، پاکستان اقوام متحدہ کی تمام پابندیوں پر عمل درآمد کرتا ہے، اس حوالے سے پروپیگنڈا بے بنیاد اور جھوٹا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ یو این کمیٹی کے تمام تکنیکی معاملات کا احترام کیا ہے، تاہم کمیٹی کے سیاسی استعمال کی مخالفت کی ہے، پاکستان نے کشمیریوں کی حق خود ارادیت دہشت گردی سے جوڑنے کی مخالفت کی، جب کہ بھارت نے اس معاملے پر کئی کوششیں کی ہیں، بھارتی میڈیا میں بھی پروپیگنڈے پر مبنی خبریں چلائی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:  اقوام متحدہ میں عالمی دہشت گردوں کی فہرست کے معاملے پر بھارت کا بڑا یو ٹرن

انھوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، پاکستان کا مؤقف تھا کشمیریوں کی جدوجہد مقامی اور قانونی ہے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی موجود ہے، مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات پر حل ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ سفارتی محاذ پر بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں بڑی شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے، یو این میں پلوامہ حملے کے سلسلے میں بھارت نے بڑا یو ٹرن لیتے ہوئے مسعود اظہر کا نام پلواما حملے سے نکال دیا ہے۔

بھارت اور مغربی ممالک نے مسعود اظہر کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد دی تھی، ذرایع کے مطابق قرارداد میں پہلے مسعود اظہر کو پلواما حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا تھا، تاہم اب پلواما حملے سے ان کا نام نکال دیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں