اسلام آباد : پاکستان کو سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی مل گئی اور ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے قریب پہنچ گیا اور چین، امریکا، برطانیہ، فرانس، جاپان اوردیگر ممالک کی حمایت حاصل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایف اے ٹی ایف کے درمیان بیجنگ میں مذکرات کا عمل مکمل ہوگیا اور پاکستان کےگرےلسٹ سےنکلنےکےامکانات روشن ہوگئےہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوائنٹ ورکنگ گروپ پاکستان کے اقدامات اور رپورٹ کی روشنی میں نئی سفارشات تیار کرے گا اور سفارشات فروری کے پہلے ہفتے میں بھیجے گا جبکہ پاکستان کے گرے لسٹ میں رہنے یا یا نہ رہنے پر ووٹنگ آئندہ ماہ پیرس اجلاس میں ہو گی۔
ذرائع کے مطابق بیجنگ مذاکرات میں فیٹف سوالات پر جوابی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، پاکستان کی رپورٹ پر فیٹف اجلاس میں اظہار اطمینان کیا، وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی سربراہی میں وفد نے پاکستان کی رپورٹ پر بریفنگ دی، جوائنٹ ورکنگ گروپ کے ساتھ مذاکرات میں گرے لسٹ سے نکلنے یا نہ نکلنے کا تعین ہو گا۔
مزید پڑھیں : پاکستان کی بڑی کامیابی ، ایف اے ٹی ایف کا رپورٹ پر اظہارِ اطمینان
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدامات اور سزاؤں سے متعلق آگاہ کیا گیا، ٹیرر فنانسنگ کے حوالے سے کیس رجسٹریشن میں 451 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دسمبر 2019ءتک ٹیرر فنانسنگ کے 827 کیس رجسٹرڈ ہوئے، ٹیرر فنانسنگ کے کیسز میں ملک بھر میں گیارہ سو گرفتاریاں ہوئیں اور ان کیسز میں 196 کو سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔
خیال رہے بیجنگ میں فائننشل ایکشن ٹاسک فورس کےاجلاس میں امریکا،چین،برطانیہ،فرانس،جاپان،نیوزی لینڈاور آسٹریلیا نے پاکستان کی سفارتی حمایت کردی ہے جبکہ پاکستان افغانستان میں امن کی بحالی کےلئےافغان طالبان اورامریکا کومذاکرات کی میزپرلایا،جس کے بعد امریکا پاکستان کی حمایت میں سرگرم ہوگیا ہے۔
واضح رہے آئندہ ماہ پیرس میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کوگرے لسٹ سے نکلنے کے لئے بارہ ووٹ چاہئیں جبکہ بلیک لسٹ میں شمولیت سے بچنے کے لئےتین ووٹ درکارہیں۔