بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

ڈی آئی خان، ڈی پی او کے قافلے پر بم حملہ، تین اہلکار شہید

اشتہار

حیرت انگیز

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے علاقے ڈی آئی خان میں ڈی پی او کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ، تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے، ڈی پی او زاہد اللہ محفوظ رہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈپی او اے کے قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ ڈی پی او زاہد اللہ محفوظ رہے۔

سیکیورٹی فورسز کلاچی میں آپریشن کے بعد ڈیرہ آرہے تھے کہ ہتھالی کے مقام پر آئی ڈی دھماکہ کیا گیا جو کہ سڑک کنارے نصب تھا، حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی اہلکاروں کو طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ تحصیل کلاچی کے علاقہ کوٹ ظفر بالا دستی میں خطرناک دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے وہاں آپریشن کیا اس دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ دیگر فرار ہوگئے تھے۔

ہلاک دہشت گرد کی شناخت عدنان عرف عدو ولد غلام شبیر قوم راجپوت سکنہ محلہ مجاہد نگر سٹی ڈیڑہ سے کی گئی، پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشت گرد ڈیرہ پولیس کو گزشتہ ماہ 2 فروری کو محلہ شاہین میں متولی امام بارگاہ مطیع اللہ عرف موتی، ٹانک اڈہ پر تیمور بلوچ کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہید اہلکاروں کے ورثاء سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے جان قربان کرکے سینئر افسر کو محفوظ رکھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں