کراچی: پاک بحریہ اور برطانوی رائل نیوی کی بحیرہ عرب میں مشترکہ بحری مشق وائٹ اسٹار کا انعقاد کیا گیا، بحری مشق میں پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس اصلت اور پی این ایس تیمور نے حصہ لیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحری مشق میں رائل نیوی کے جہاز ایچ ایم ایس لینکیسٹر نے شرکت کی، مشق میں پاک بحریہ کے میری ٹائم پٹرول ائیر کرافٹ نے بھی حصہ لیا۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ بحری مشق وائٹ اسٹار میں پاک فضائیہ کے طیاروں اور رائل نیوی کے ہیلی کاپٹر نے بھی حصہ لیا جبکہ مشق کے دوران مختلف بحری آپریشنز کا مظاہرہ کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ برطانوی رائل نیوی کے ڈپٹی کمانڈر نے پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران سے ملاقاتیں کیں، بحری مشقیں علاقائی امن اور استحکام کیلئے پاک بحریہ کے عزم کی مظہر ہیں۔