جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

نیول چیف کی زیر صدارت پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی زیر صدارت پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں نیول چیف نے بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ کشیدگی میں اعلیٰ جذبے اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔

ترجمان کے مطابق کانفرنس میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نیول چیف کو جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نیول چیف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ کشیدگی میں اعلیٰ جذبے اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کی۔

ترجمان کے مطابق کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک بحریہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کثیرالملکی بحری امن مشق منعقد ہوئی تھی جس کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف نے مختلف ممالک کے اعلیٰ افسران اور وفود سے ملاقاتیں کی تھیں۔

نیول چیف سے ملاقات کرنے والوں میں کمانڈر زمبابوے نیشنل آرمی لیفٹیننٹ جنرل ایڈ زی ابسلام تفازوا چنیوکا چمونیو، رومانیہ کے چیف آف نیول فورسز وائس ایڈمرل الیگزینڈرو مرسو پی ایچ ڈی، آذر بائیجان کے چیف آف کوسٹ گارڈ اسٹیٹ بارڈر سروسز لیفٹیننٹ جنرل افگن تاغییو ویلی اور امریکی ریٹائرڈ ایڈمرل ولیم اے اوونز شامل تھے۔

کثیرالملکی بحری مشق امن 19 کے تحت پاک بحریہ کی اسپیشل آپریشنز فورسز نے پی این ایس قاسم منوڑہ میں ایک شاندار میری ٹائم کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیمو بھی پیش کیا تھا۔

میری ٹائم کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیمو میری ٹائم دہشت گردی سے نمٹنے، اسپیشل آپریٹنگ پروسیجرز میں بہتری لانے، باہمی پیشہ ورانہ تجربات سے سیکھنے اور مشق میں شریک تمام اسپیشل آپریشنز فورسز کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پاک بحریہ کی اسپیشل آپریشنز فورسز کی جانب سے عزم و ہمت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ تھا۔

پاک بحریہ کے اثاثوں اور ان کی صلاحیتوں خصوصاً اسپیشل فاسٹ بوٹس کے ذریعے ڈالفن منوورز، فاسٹ بوٹ ریکوری، ایڈوانس فائر آرم ڈرلز، پیرا جمپس، کلیئرنس آپریشنز، ہوور کرافٹس میں اسپیشل آپریشنز فورسز اور میرین پلاٹونز کے داخلے کے خصوصی مظاہرے، ہیلی کاپٹرز کے خصوصی مظاہرے اور فری فال جمپس بھی مظاہرے کا حصہ تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں