جمعرات, مئی 8, 2025
اشتہار

بھارت کی ایک بار پھر جارحیت کی کوشش، 12 ڈرون حملوں کو ناکام بنادیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 12 ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا ہے، ڈورن حملوں میں لاہور میں پاک فوج کے 4جوان زخمی اور سندھ میں ایک شخص شہید ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات بھارت نے ایک بار پھر پاکستان میں جارحیت کی کوشش کی، بھارت کی جانب سے بھیجے گئے ڈرون مار گرائے گئے ، بھارت نے لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور اور کراچی میں ڈرون حملے کیے ہیں۔

لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ 7اور8مئی کی شب بھارت نے ایک بارپھرجاحیت کی کوشش کی، پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہیں، بھارت نے مختلف شہروں میں ڈرونز سے دراندازی کی کوشش کی۔

انھوں نے بتایا کہ بھارت کے 12 ڈرونز کو مختلف مقامات پر مار گرایا گیا، یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے، مختلف شہروں میں مار گرائے بھارتی ڈرونز کا ملبہ اکٹھا کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سندھ کے علاقے میانوں میں ڈرون حملے میں ایک شخص شہید ،ایک زخمی ہوا، بھارت کی جانب سے انتہائی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ، لاہور کے قریب ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4جوان زخمی ہوئے جبکہ فوجی تنصیبات کومعمولی نقصان پہنچا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا بتانا تھا کہ لائن آف کنٹرول پردشمن کوبھاری نقصان پہنچایاگیاہے، عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیزی کی گواہ ہے، بھارت نے پاکستان کی فضائی حدودکی دوبارہ خلاف ورزی کی ہے، مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی سے نمٹنے کیلئے مکمل طورپر تیار ہے۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 6اور7مئی کی شب کو بھارت مساجد اور شہری آبادی پر حملوں کا مرتکب ہواہے، بھارت نے بچوں،خواتین، بزرگوں کو نشانہ بنایا ، جواب میں پاکستان نے بھارت کے 5طیارے اور متعدد ڈرونز مارگرائےتھے۔

انھوں نے کہا کہ افواج پاکستان بھارت کو جارحیت پر منہ توڑ جواب دےرہی ہے، بھارت خطے سمیت پورے دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہاہے، بھارتی جارحیت سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں اور نمٹ رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں