اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دیکر ٹی 20 سیریز 2-2 سے برابر کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

 

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان ٹیم نے گرین شرٹس کو شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 194 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا جسے نیوزی لینڈ نے آخری اوور میں حاصل کر کے 6 وکٹوں سے قومی ٹیم کو شکست دی۔

- Advertisement -

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپ نے سب سے زیادہ 104 رنز اسکور کیے جبکہ جمی نیشم نے بھی جارحانہ 45 رنز بنائے۔

دوسری طرف بولنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے شاہین آفریدی اور عماد وسیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں لیکن اپنے بڑے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔

میچ کے پہلے حصے میں محمد رضوان نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے 98 رنز اسکور کیے جبکہ افتخار احمد نے 36 اور عماد وسیم نے 31رنز بنائے۔ اس دوران نیوزی لینڈ کے بلائیر ٹکنر نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ فخر زمان اور زمان خان کی جگہ محمد حارث اور احسان اللہ کو میدان میں اتارا گیا تھا جبکہ حریف ٹیم میں میک کونکی کی جگہ نیشم اور میٹ ہنری کی جگہ ہنری شپلے کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ مہمان ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اچھی بولنگ کریں گے، یہاں ہدف کا تعاقب کرنا تھوڑا آسان ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچ پچھلے میچ سے تھوڑی مختلف لگ رہی ہے، 180 سے 190 رنز اس پچ پر اچھا ٹوٹل ہوگا، ٹاس جیتتے تو پہلے فیلڈنگ ہی کرتے۔

پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 2-2 سے برابر رہی جبکہ سیریز کا چوتھا میچ شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں