پاکستان نے امریکا کو بغیر کسی تجارتی ٹیرف کے دو طرفہ تجارتی معاہدے کی پیشکش کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان نے امریکا کو تجویز دی ہے کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تجارتی شعبوں پر زیرو ٹیرف کے تحت معاہدہ کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کو وسعت دینا ہے جبکہ تجویز امریکی صدر کے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کے جواب میں دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کی پیشکش کو خوش آمدید کہا ہے، جنگ بندی کے بعد ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ دونوں ملکوں کے ساتھ بہت سی تجارت کریں گے۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ متعدد شعبوں میں دو طرفہ تجارت کو توسیع دینا چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ متعدد ممالک پر بھاری جوابی ٹیرف عائد کیا تھا۔ بعد ازاں صدر ٹرمپ نے جوابی ٹیرف میں 90 روز کے وقفے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کئی ممالک امریکا کے ساتھ مذاکرات پر راضی ہیں۔