پاکستان کے سابق کرکٹر نے بھارتی بیٹر کے بارے میں کہا ہے کہ اگر یہ نوجوان بیٹر پاکستان میں ہوتا تو لوگ کہتے اسے ٹیم سے باہر اٹھاکر پھینکو۔
ویبھو سوریاونشی صرف 14 سال کے ہیں اور راجھستان رائلز نے انھیں آئی پی ایل 2025 کےلیے پک کیا، نوعمر بیٹر نے بھی اپنی ٹیم کو مایوس نہیں کیا، انھوں نے اپنے ڈیبیو میں لکھنئو سپرجائنٹس کے خلاف 20 بالز پر 34 رنز کی جارححانہ اننگز کھیلی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ویبھو سوریاونشی نے اپنے آئی پی ایل کیریئر کا آغاز چھکا مار کر کیا، انھوں نے اپنی پہلی ہی بال پر ہی شردل ٹھاکر کو چھکا رسید کرکے ناقدین کو حیران کردیا۔
سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویبھو سوریاونشی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح اس نے پہلی بال پر چھکا مارا یہ بہت بڑی بات ہے۔
باسط علی نے کہا کہ تصور کریں کہ اگر وہ پہلی بال پر چھکا مارنے کی کوشش کرتے ہوئے آئوٹ ہوجاتا تو لوگ کیا کہتے، پاکستان میں لوگ کہتے کہ اس بیٹر کو ٹیم سے باہر کرو، لیکن ایک پلیئر کو اسی طرح اعتماد دیا جاتا ہے جو بعد میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ابھشیک شرما، تلک ورما، جیسوال اور شبمن گل کو دیکھیں، وہ بڑے پلیئر اس لیے بنے کہ انھیں اعتماد دیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹر سہیل تنویر کا بھی کہنا تھا کہ جب کسی پلیئر کو پتا ہو کہ وہ باس ہے یعنی اس پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے تو گرائونڈ کے اندر اسکی باڈی لینگویج سے یہ چیز نظر آتی ہے اور پرفارمنس بھی نظر آتی ہے۔
سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ اگر کسی کھلاڑی کو یہ پتا ہو کہ ایک اور ناکامی کے بعد بھی اسے ٹیم سے باہر نہیں بیٹھایا جائے گا، وہ 10 میچ میں بھی کچھ نہ کرے تو بھی میچ کھیلے گا تو پھر اس کا اعتماد بڑھتا ہے۔