کراچی : ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کو دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز عبدالسمیع خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 3 سال سے پیٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن کی کوششیں ہورہی تھیں، ہڑتال کی کال دی تو ہمیں اسلام آباد بلایا گیا میں نےانکار کردیا۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ مجھے دھمکی بھی دی گئی مگر میں پیچھے نہیں ہٹا، ہم سے مشورے کے بغیر اچانک ڈی ریگولیشن کا اعلان کردیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ ڈی ریگولیشن سےکمپنیوں میں اسمگلنگ پروڈکٹ کی فروخت ہوگی، ہم پیٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن کیلئے تیار نہیں ہیں، اگر یہ حرکت ہوئی تو ہم پمپس بند کردیں گے۔
اس سے قبل پیٹرولیم ڈیلرز نے وفاقی وزیرپیٹرولیم مصدق ملک کو خط لکھا تھا ، عبدالسمیع خان نے بتایا تھا کہ ڈی ریگولیٹ سےملاوٹ شدہ تیل میں اضافہ اور اسمگلنگ بڑھے گی، اس اقدام کی شدید مخالفت اور فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ وزیر پیٹرولیم معاملے پر پی پی ڈی اے کے وفد کیساتھ میٹنگ بلائیں۔