پشاور: دوحہ میں منعقدہ عالمی جونیئر اسکواش چیمپین شپ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی محمد عماد نے اپنے نام کرلی انہوں نے فائنل میں بھارتی کھلاڑی ارنتھ سنیل کو شکست دی۔
تفصیلات کے مطابق 3 مارچ سے قطر کے شہر دوحہ میں منعقد ہونے والی عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ پشاور سے تعلق رکھنے والے محمد عماد نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستانی نوجوان کھلاڑی نے انڈر 13 کیٹیگری میں حصہ لیا اور ناقابل شکست فائنل تک رسائی حاصل کی، ٹرافی حاصل کرنے کے لیے اُن کا آخری مقابلہ روایتی حریف بھارت سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی سے ہوا۔
محمد عماد نے فائنل میں بھارتی کھلاڑی ارنتھ سنیل کو ٹف ٹائم دیا اور بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے تینوں سیٹس میں کامیابی حاصل کر کے ایونٹ اپنے نام کیا۔ اے آر وائی نیوز کو بھیجے گئے خصوصی ویڈیو پیغام میں نوجوان کھلاڑی نے کہا کہ عالمی مقابلے میں فتح حاصل کر کے ملک کا نام روشن کرنے پر بہت خوشی ہے، میں جہانگیر خان اور قمر خان جیسا نام پیدا کرنا چاہتا ہوں‘۔