لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کی چیمپئنزٹرافی میں فتح پرپاکستان پوسٹ کی جانب سے یادگاری ٹکٹ اور سووینئر شیٹ جاری کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز امیرزمان، کپتان سرفراز احمد اور ہیڈکوچ مکی آرتھر سمیت دیگر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یادگاری ٹکٹ کے اجرا پرحکومت کا شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان پوسٹ کے مشکور ہیں انہوں نے قومی ٹیم کے اعزاز میں اتنا بڑاقدم اٹھایا جبکہ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پوسٹل سروس کا اجرا خوش آئند ہے۔
پاکستان پوسٹ کی جانب سے جاری کی گئی یادگاری ٹکٹس میں کھلاڑیوں کو چیمپئنزٹرافی کے ساتھ فتح کا جشن مناتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ دوسری جاری کی گئی ٹکٹ میں چیمپئنزٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کے جھنڈے نمایاں ہیں۔
یادگاری ٹکٹس کی قیمت 10 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ یادگاری شیٹ پرتینوں ٹکٹس ایک ساتھ موجود ہیں اور اس کی قیمت 50 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال جون میں پاکستان نے چیمپئنزٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔