اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان پوسٹ کے نظام میں جدت لانے کی ٹھان لی، پارسل کی بکنگ کے لیے محکمہ ڈاک کی ایپلی کیشن کا آج افتتاح کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پارسل کی بکنگ کے لیے محکمہ ڈاک بھی اب ایپلی کیشن استعمال کرے گا۔ ’ٹریک اینڈ ٹریس ایپ‘ پوسٹل صارفین کو آج سے دستیاب ہوگی۔ ایپ پارسل کے ڈسپیچ ہونے سے منزل تک پہنچنے تک ساری تفصیلات سے صارف کو آگاہ رکھے گی۔
اگر پارسل منزل تک نہ پہنچ سکا ہو تو ایپ وجوہات کے ساتھ رہنمائی بھی فراہم کرے گی، ہر پارسل کی تفصیل صارف کے ساتھ وفاقی وزیر بھی خود دیکھ سکیں گے۔
وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید آج ایپ کا افتتاح کریں گے، افتتاح کے بعد ملک بھر کے پوسٹل صارفین ایپ سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ مراد سعید کا کہنا ہے کہ ایپ کا مقصد سہولت کے ساتھ ساتھ پوسٹل صارفین کا اعتماد بڑھانا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ڈاک کی ون ڈے ڈیلیوری سسٹم اور الیکٹرانک منی آرڈر کی سہولت کا افتتاح کیا گیا تھا جس کے تحت شہری اپنا قیمتی سامان اور اہم دستاویز صرف ایک دن میں حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کیے گئے سسٹم کے تحت دن 1 بجے سے پہلے بھیجا گیا سامان رات 12 بجے سے پہلے وصول ہوسکتا ہے۔
الیکڑانک منی آرڈر کے ذریعے 50 ہزار تک کی رقوم فوری بھیجی جاسکتی ہیں جبکہ رقم گھر کے دروازے پر مل سکے گی۔ ون ڈے ڈیلیوری سسٹم 25 اور منی آرڈر کی سہولت 80 شہروں میں دستیاب ہے۔