لاہور : یوم دفاع و شہدا پر ریل گاڑیاں بھی” ہمیں پیار ہے پاکستان سے” کا پیغام دینے لگیں ، مختلف ریل گاڑیوں کی بوگیوں پر خصوصی تصاویر و پیغامات آویزاں کردیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یوم دفاع و شہدا پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے میں پاکستان ریلوے بھی پیش پیش ہیں، ریل گاڑیاں بھی ” ہمیں پیار ہے پاکستان سے” کا پیغام دے رہی ہے۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے ریل گاڑیوں کو دفاع وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور غازیوں کی تصاویر سے سجا دیا جبکہ مختلف ریل گاڑیوں کی بوگیوں پرخصوصی پیغامات بھی درج کئے گئے ہیں۔
یاد رہے پاک فوج نے یوم دفاع و شہدا 2018 کو ’ہمیں پیار ہے پاکستان ’سے کے نام سے منفرد انداز میں منانے اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے آئی ایس پی آر اس نے نیا نغمہ بھی جاری کیا تھا۔
مزید پڑھیں : ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ کے نام سے یوم دفاع وشہداء منایا جائے گا ،ڈی جی آئی ایس پی آر
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ شرکاء کو شہیدوں کی فہرست اور پتے مہیا کیے گئے ہیں، قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے، کوئی شہادت بھولی نہیں جائے گی، شہید کی تصویر پر شہادت کی تفصیل اور جائے شہادت لکھی جائے گی، وطن کی حفاظت کے لیے جانیں دینے والوں کو سلام پیش کیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ شاپنگ مال شہداء کی تصاویر سے سجائے جائیں گے ، بسوں،ویگنوں ،ٹرکوں اور گاڑیوں پرشہدا کی تصاویر لگائی جائیں گی جبکہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ٹرینوں اوراسٹیشنوں اور تمام ائیر پورٹس پر بھی شہداء کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم سے بھرپور شمولیت کی درخواست کرتے ہوئے کہا آئیے زندہ قوم کی طرح اپنے شہداکو یاد رکھیں ، ہمارےشہدا نے اپنا آج ہمارے محفوظ کل کے لیےقربان کیا ، شہید ہمارے اصل ہیرو ہیں۔