اسلام آباد: پاکستان ریلوے نے تمام ریل گاڑیوں کی سب کلاسز پر کرایوں میں بیس فیصد کمی کا اعلان کر دیا، کرایوں میں کمی کا اطلاق یکم سے بیس رمضان المبارک تک ہو گا۔
اسلام آباد میں پاکستان ریلویز اور پی ایس او کے مابین معاہدے کی تقریب کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز کی صورتحال ماضی سے بہتر ہوئی ہے، ریلوے خسارے کو کم کرنے کے لئے آمدن کو بڑھایا گیا ہے لیکن آمدن بڑھنے کے باوجود ریلوے کو تاحال منافع بخش نہیں بنایا جا سکا۔
انکا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت کے آغاز کے وقت ریلویز کی آمدن 18ارب تھی جواب بڑھ کر 41ارب ہو چکی ہے، جب حکومت ملی تب تنخواہ کی مد میں ملازمین کو 33ارب ادا کر رہے تھے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ریلوے ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں بیس ارب روپے اضافہ ہوا ہے، رواں سال ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی مد میں 53ارب ادا کر رہے ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز کے بجٹ کا 74فیصد ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں خرچ ہو جاتا ہے ، پاکستان ریلویز کو گزشتہ سال مال برداری کے شعبے سے گیارہ ارب کی آمدن ہوئی، آئندہ مالی سال ریلویز آمدن کا ہدف 53ارب رکھا جائیگا ۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلو ے کرایوں میں کمی سے مسافروں میں اضافہ ہوا، چار سال کے دوران پاکستان ریلویز کے سسٹم میں ڈیڑھ کروڑ نئے مسافر شامل ہوئے ہیں، ریلوے پولیس کو جدید آلات اور پیشہ وارانہ تربیت دینے کے باوجود انکی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جا سکا، تسلیم کرتا ہوں کہ ریلو ے پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کی پولیس کے برابر ہونی چاہئے ۔
اس سے قبل پاکستان ریلویز اور پی ایس او کے مابین تیل کی ترسیل سے متعلق معاہدہ طے پایا، جس پر دونوں جانب سے حکام نے دستخط کئے، معاہدے کے تحتپی ایس او بیس لاکھ ٹن آئل کی پاکستان ریلویز کے زریعے ترسیل کا پابند ہوگا، پی ایس او پندرہ یوم کے دوران پاکستان ریلوے کو ترسیل کی مد میں کرایہ ادا کرنے کا پابند ہوگا۔