مکہ مکرمہ : اللہ کے گھر خانہ کعبہ میں حاضری کی امنگ کس مسلمان کے دل میں نہیں ہوتی۔ ہر مسلمان کی یہی آرزو اور تمنا ہوتی ہے کہ زندگی میں کم از کم ایک بار اسے یہ سعادت ضرور نصیب ہو، وہ تو یہ تمنا لے ہر سال حج و عمرہ کی ادائیگی کے لیے بیت اللہ کا رخ کرتے ہیں لیکن چار ممالک ایسے ہیں جہاں سے کل متعمرین کی نصف تعداد عمرہ کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس پہنچتی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے رواں سیزن میں عمرہ کی ادائیگی میں سر فہرست رہنے والے ممالک کی ایک فہرست جاری کی، جس میں پاکستان سرفہرست ہے، انڈونیشیا دوسرے ، بھارت تیسرے اور مصر چوتھے نمبر پر ہے۔
ریورٹ کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے معتمرین کل عمرہ کرنے والے مسلمانوں کا 23.53 فی صد، انڈونیشیا سے 15.23 فی صد ، 9.35 فی صد بھارت اور 7.92 فی صد مصر سے آتے ہیں۔
مزید پڑھیں : سعودی حکومت نے عمرہ سیزن میں ایک ماہ کا اضافہ کردیا
سعودی وزارت حج کی جانب جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن میں مجموعی طور پر 5,034,814 معتمرین حجاز مقدس پہنچے، ان میں 42 لاکھ 53 ہزار 174 عازمین فضائی راستوں سے، 4 لاکھ 60ہزار 742 خشکی کے راستے جبکہ 3 لاکھ 20 ہزار 898 عازمین خشکی کے راستے حجاز مقدس پہنچے۔
خیال رہے کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران عمرہ کی ادائی کے لیے سعودی عرب آنے والے مسلمانوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ چند برسوں کے دوران معتمرین کی تعداد 6 لاکھ سے بڑھ کر 60 لاکھ تک جا پہنچی ہے، صفر المظفر سے رمضان المبارک تک قریبا ایک ملین سے زاید مسلمان فریضہ عمرہ کی ادائی کے لیے حجاز مقدس پہنچتے ہیں۔
یاد رہے گذشتہ ماہ کے آغاز میں سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے عمرہ سیزن میں ایک ماہ کا اضافہ کر دیا ہے جس کا مقصد مسلمانوں کو عمرے کی ادائیگی کے لئے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔سعودی حکومت کی جانب سے توسیع کے بعد اب عمرہ سیزن پندرہ رمضان کی بجائے 15 شوال کو ختم ہوگا۔