پاکستان نے مسلسل چوتھے میچ میں کامیابی سمیٹ کر ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ قومی ٹیم ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے ساتھ ہی اب تک کھیلے گئے 7 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پانچویں بار کوالیفائی کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔
گرین شرٹس نے نمیبیا کو باآسانی شکست دے کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن کو برقرار رکھا ہے۔ پاکستان اپنا آخری گروپ میچ اتوار کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی تو نسبتاً کمزور ٹیم کے سامنے ایونٹ میں پہلی دفع پہلے بیٹنگ کو بطور مشق اپنایا جس میں بلے باز کامیاب رہے۔
بابراعظم اور محمدرضوان پر مشتمل سلامی جوڑی نے ایک بار پھر سنچری اسٹینڈ فراہم کرتے ہوئے نہ صرف نصف سنچریاں بنائیں بلکہ بڑے ہدف کی بنیاد بھی رکھی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 113 کے مجموعے پر بابراعظم کی صورت میں گری جو 70 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی حیثیت رکھنے والے بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں ایک اور نصف سنچری بناتے ہوئے ویرات کوہلی کا بطور کپتان سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی ففٹیز پلس کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ویرات کوہلی 45 اننگز میں 13 ففٹی پلس کے ساتھ سرفہرست تھے تاہم بابراعظم نے نمیبیا کے خلاف نصف سنچری بنائی اور 70 رنز کی باری کھیل کر نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔
بابراعظم نے 49 گیندوں پر 70 رنز بنائے جس میں 7 چوکے شامل تھے۔ آج کی اننگز کے ساتھ بابراعظم ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں پر 189 رنز بنائے جس میں محمد رضوان 79 رنز اور محمد حفیط 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، فخرزمان 5 رنز بنا سکے۔
190 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 144 رنز تک ہی محدود رہی، مضبوط بالنگ اٹیک کے سامنے نمیبین بلے باز کھل کر نہ کھیل سکے اور تیزی سے رنز بنانے کی خاطر وکٹیں گنواتے رہے۔
ڈیوڈ ویزے 43 اور کریگ ولیمس نے 40 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی اور وہ ٹاپ اسکورر رہے، ان کے سوا کوئی اور بلے باز ڈٹ کر پاکستانی بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی، عمادوسیم ،حارث رؤف اور شاداب خان نے1،1وکٹ لی۔
نسبتاً کمزور حریف کے خلاف امکان یہی تھا کہ گرین شرٹس میں کم از کم ایک تبدیلی کی جائے گی تاہم کپتان نے واضح کیا کہ وہ جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے کوئی تبدیلی نہیں کر رہے۔
قومی ٹیم نمبیا کیخلاف پہلی بار ٹی20میچ کھیل رہی ہے۔ مسلسل تین کامیابیوں کےبعدکھلاڑیوں کےحوصلےبلند اور نظریں سیمی فائنل تک رسائی پر مرکوز ہیں، قومی ٹیم نمیبیا کو ہرانے کی صورت میں سیمی فائنل کیلئےکوالیفائی کرجائے گی۔