اسلام آباد : کرپٹو کرنسی کی عالمی مارکیٹ میں پاکستان قدم رکھنے کو تیار ہے، ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ اشتراک اورکرپٹومائننگ اسٹرٹیجی نے بھارت کو بھی دنگ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تین ٹریلین ڈالر کی عالمی کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں اہم کردار ادا کرنے کو تیار ہے، کرپٹو کونسل نے قیام سے اب تک اہم کامیابیاں سمیٹ لیں۔
پی سی سی جامع اور مؤثراقدامات کرتے ہوئے ڈیڑھ ماہ کےمختصر وقت میں عالمی کرپٹو انڈسٹری میں سب کی توجہ حاصل کی ہے۔
رواں سال چودہ مارچ کو اس کونسل کا قیام عمل میں آیا اور چند روز میں دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایکسچینج "بائنانس” کے بانی چانگ پین ژاؤ (CZ) کو بطور اسٹریٹجک ایڈوائزر مقرر کیا، جو کسی ترقی پذیر ملک کے لیے غیرمعمولی کامیابی ہے، سی زیڈ کرپٹو کی سب سے بڑی ایکسچینج بائنانس کے بانی ہیں، جن کی ذاتی دولت سو ارب ڈالر سے زائد ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کی حمایت یافتہ بلاک چین ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ یادداشت پر دستخط نے بھی بازی پلٹ دی۔
بائنانس اور لبرٹری فنانشل سے اشتراک پاکستان میں اسٹیبل کوائنز، ڈیسینٹرلائزڈ فنانس اور کراس بارڈر بلاک چین انفرااسٹرکچر کو فروغ دے گا۔
کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکٹو بلال بن ثاقب کی ملائشیا کے وزیر خارجہ محمد بن حاجی حسن سے ملاقات میں بھی اہم پیش رفت ہوئی، جہاں کرپٹو اور اسلامی معیشت کو یکجا کرنے۔ بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔
کرپٹو کونسل کے مطابق کرپٹو کرنسی کے مضبوط مستقبل کے لیے کرپٹومائننگ اور اے آئی ڈیٹا سنٹرز کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔