اسلام آباد : پاکستان نے خبردار کیا کہ بھارت سی پیک پر عالمی برادری کو گمراہ نہ کرے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو پاک چین مشترکہ بیان میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق اعتراض کا کوئی حق نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کو8 جون 2024 کے بیان میں جموں وکشمیر کے حوالہ جات پراعتراض کا حق نہیں، ثابت شدہ حقیقت ہے کہ مقبوضہ کشمیرعالمی سطح پرتسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ تنازع 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں میں واضح طور پراستصواب رائے کا ذکر ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیرکاحتمی فیصلہ جمہوری طریقےکےذریعےعوام کی مرضی سے کیا جائے گا، پس منظرمیں جموں وکشمیر پربھارتی دعوےبالکل بےبنیاداورغلط ہیں۔
ترجمان نے زور دیا کہ بھارت کوچاہیے چین پاکستان اقتصادی راہداری پر عالمی برادری کو گمراہ نہ کرے، اقتصادی راہداری اہم ترقیاتی کوشش ہے ، جس پردوممالک نےاتفاق کیا، سی پیک پر بے بنیاد دعوے کے بجائے بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل کرے۔