اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کررہا ہے، اور اپنی سرزمین پریہ جنگ جیت چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
وزیراعظم پاکستان نے امریکہ کی جانب سے سیکورٹی تعاون کی مد میں پاکستان کی 2 ارب ڈالر تک کی امداد روکنے کے حوالے سے رپورٹس پر کہا کہ یہ رپورٹس حیران کن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسول وملٹری امداد کی مد میں مجموعی طور پرجو رقم ملی تو وہ اس رقم کا بہت معمولی حصہ ہے۔
امریکہ نے پاکستان کی سیکورٹی امداد روک دی
شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ امریکہ نے سول اور ملٹری امداد کے نام پراب تک جو رقم دی وہ نہ ہونے کے برابر تھی جبکہ پچھلے پانچ سالوں میں سالانہ ایک کروڑ ڈالر کی امریکی امداد ملی جو بہت ہی کم ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ڈبل گیم کھیلنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام کو گمراہ کن قرار دیا۔
پاکستان کےساتھ خراب تعلقات امریکہ کےمفاد میں نہیں‘ نیویارک ٹائمز
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے اور اس نے ہمیشہ بین الاقوامی کنونشنزکی پابندی کی ہے اور آج ہم دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہے ہیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف دنیا کی جنگ اپنے وسائل سے لڑرہے ہیں اور اس پرعالمی برادری کو ہمیں سراہنا چاہیے۔
مزید پڑھیں : ہم نے امداد دی، پاکستان نے دھوکا دیا، اب ایسا نہیں ہوگا: امریکی صدر
یاد رہے کہ نئے سال کے آغازپر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا ہے جنہیں ہم افغانستان میں تلاش کررہے ہیں، امداد وصول کرنے کے باوجود پاکستان نے امریکہ سے جھوٹ بولا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔