اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا، قرض موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے خرچ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک سے اسٹیٹ بینک کوپچاس کروڑ ڈالر موصول ہوگئے، اس حوالے سے مرکزی بینک نے کہا کہ قرض کی رقم پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے بھیجی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اے ڈی بی سے پچاس کروڑ ڈالر وصولی کےبعد اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر گیارہ ارب اکانوے کروڑ پچاس لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔
کمرشل بینکوں کے ذخائر چار ارب پینسٹھ کروڑ ڈالر سے زائد ہیں۔ مجموعی ذخائر ساڑھے سولہ ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ پچاس کروڑ ڈالر کی رقم آئندہ ہفتے زرمبادلہ ذخائر میں شامل کی جائے گی۔
Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت
یاد رہے پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پانچ سوملین ڈالرقرض کا معاہدہ ہوا تھا، اے ڈی بی کا کہنا تھا موسمیاتی تبدیلیوں سےنمٹنےکیلئے پاکستان کی صلاحیت مضبوط ہوگی اور ایک ملین ڈالر کی تکنیکی گرانٹ پروگرام پر عملدرآمد میں معاون ہوگی۔
یاد رہے گذشتہ ماہ اے ڈی بی نے پاکستان کیلیے 3 برسوں کیلیے 6 ارب ڈالر فنانسنگ کا اعلان کیا تھا۔
اے ڈی بی حکام نے بتایا تھا کہ سال 2025 کے دوران 1 ارب 85 کروڑ ڈالر سے زائد فنانسنگ ہوگی جبکہ سال 2026 کے دوران 2 ارب 30 کروڑ ڈالر فنانسنگ کا تخمینہ ہے۔
اسی طرح سال 2027 کے دوران 2 ارب 25 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی جائے گی۔ حکام نے بتایا کہ 3 برسوں کے دوران 2.8 ارب ڈالر کی رعایتی فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔