اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا بھرمیں سیاحت کے لیے حسین اور پرکشش تسلیم کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ برطانیہ کی پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا خیرمقدم کرتے ہیں، برطانیہ کا ٹریول ایڈوائزری کا فیصلہ نہایت خوش آئند ہے، وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کا دنیا میں امیج تبدیل ہو رہا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ برٹش ایئرویزکی بحالی، شاہی جوڑے کی آمد کے بعد ایڈوائزری میں تبدیلی کی گئی، یہ پرامن، روشن اور محفوظ پاکستان کی علامت ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دنیا بھرمیں سیاحت کے لیے حسین اور پرکشش تسلیم کیا جا رہا ہے۔
برطانیہ نے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کردی
واضح رہے کہ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ خوشخبری دیتا ہوں کہ پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کردی گئی ہے، برطانوی شہریوں کے لیے شمالی علاقوں میں سفر بذریعہ سڑک محفوظ ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ خوشی ہے برطانوی شہری پاکستان کو اور بہتر طرح سے دیکھ سکتے ہیں، حکومت پاکستان کی کاوشوں کی وجہ سے سیکیورٹی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔