اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں سیکورٹی اہل کاروں پر حملے کے واقعے پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سرحد پار سے حملے میں 3 جوانوں کی شہادت پر افغانستان سے شدید احتجاج کیا، افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق افغان ناظم الامور کی طلبی ایڈیشنل سیکریٹری کی طرف سے کی گئی، ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ حملے میں 3 سیکورٹی اہل کار شہید اور 7 زخمی ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ 80 دہشت گردوں نے افغان ضلع گیان، برمل سے سرحد عبور کی، دہشت گردوں نے سرحدی باڑ لگانے والے اہل کاروں پر حملہ کیا، پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد واپس افغانستان فرار ہوئے۔
ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ دہشت گرد افغانستان کی طرف سیکورٹی نہ ہونے کی وجہ سے فرار میں کام یاب ہوئے، پاکستان اس دہشت گرد حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرحد پر باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر افغان علاقے سے حملہ ، 3 جوان شہید،7 زخمی
انھوں نے کہا کہ افغانستان اپنی طرف موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے، امید کرتے ہیں افغانستان ایسے انتظامات کرے گا کہ آئندہ ایسے حملے نہ ہوں۔
خیال رہے کہ آج شمالی وزیرستان میں سرحد پر باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر سرحد پار سے حملہ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔