پیر, نومبر 25, 2024
اشتہار

پاکستان اور روس میں تجارت، توانائی و دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، توانائی، علاقائی روابط، سائنس و ٹیکنالوجی و دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر جمہوریہ روس کے وزیر اعظم مسٹر میخائل میشوسٹن کی وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔

دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا اور گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان اور روس کے مابین تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے تجارت، صنعت، توانائی، علاقائی روابط، سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم پاکستان نے اپنے پہلے دورہ ماسکو کا بھی ذکر کیا جو کہ ان کا کسی بھی ملک کا پہلا دورہ تھا۔ انہوں نے اپنے دورے کی یادوں کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور روس کے ساتھ دوطرفہ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی مذاکرات کو تیز کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیر الجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

شہباز شریف نے رواں برس جولائی میں آستانہ میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کیا جس کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کیا تھا۔ وزیر اعظم نے پاکستان اور روس کے مابین مواصلاتی روابط کے فروغ کیلیے براہ راست پروازوں کی اہمیت پر زور دیا۔

روسی وزیر اعظم نے ایس سی او اجلاس کیلیے پاکستان کی جانب سے کیے گئے شاندار انتظامات کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے روسی وفد کے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ملاقات میں روس پاکستان تعاون کو مزید فروغ دے کر نئی بلندیوں پر پہنچانے کی اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط کے فروغ کیلیے روسی اور اردو زبان کے تدریسی تبادلوں اور سرمایہ کاری و تجارت کی سہولت کیلیے بینکنگ شعبے میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں